اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی سب سے بڑا مسئلہ تھا اور لوڈشیڈنگ کے باعث تجارتی سرگرمیاں ماند اور عوام بےحال تھے ہم نے ان دونوں مسائل سے عوام کو نجات دلوائی۔
وزیر اعظم نواز شریف نے یہ بات اسلام آباد میں 40 ویں ایکسپورٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ میرے ایمان کا حصہ ہے کیونکہ فتنہ فساد کرنے والوں کو ختم کرنا ثواب کا کام ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہوا، ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے میں لگے ہوئے ہیں، ہم گبھرائے نہیں ہیں جب تک سانس میں سانس ہے ملک وقوم کی خدمت کرتے رہیں گے، ڈٹ کر کٹھن حالات کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کامسئلہ پرویز مشرف کے دور سے چلا آرہا ہے، اور ان کی بعد والی حکومت نے بھی اس کے سدباب کے لیے کچھ نہیں کیا گیا اسی لیے عوام اب انہیں ووٹ دینے کے لیے تیار نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے ہرروز اخبار میں کرپشن اسکینڈل سامنے آتا تھا لیکن جب سے ہماری حکومت آئی ہے کرپشن کا کوئی اسکینڈل سامنےنہیں آیا ہے۔
اپنی تقریر کے دوران کراچی کا زکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کراچی ملک کی شہہ رگ اور مِنی پاکستان ہے لیکن سابقہ حکومتوں نے روشنیوں کے شہر کو تباہ کر کے رکھ دیا تھا تا ہم ہم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کراچی میں دہشت گردی کو ختم کر کے اسے دوبارہ سے روشنیوں کا شہر بنا دیا ہے۔