اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف آج گوادر پہنچ رہے ہیں، وہ بلوچستان میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف آج گوادر میں پاک بحریہ کے زیر اہتمام پاک چین اقتصادی رہداری سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کریں گے، اس کانفرنس میں آرمی چیف قمر باجوہ کی شرکت کا امکان ہے۔
کانفرنس میں شرکت کے بعد وزیر اعظم کوئٹہ کے راستے پشین جائیں گے، جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان ان کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔
اس موقع پر قبائلی عمائدین کا وفد وزیراعظم سے ملاقات کرے گا، وزیراعظم کل تربت میں سوارب ہوشاب شاہراہ کا افتتاح کریں گے۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم کے دورہ پشین کیلئے بلوچستان حکومت کی شاہ خرچیاں
دوسری جانب وزیراعظم کے دورہ پشین کیلئے بلوچستان حکومت کی شاہ خرچیاں عروج پر پہنچ گئیں، ایک ریسٹ ہاؤس کو سجانے سنوارنے میں لاکھوں روپے پھونک دیئے گئے وزیراعظم پشین ریسٹ ہاؤس میں صرف ایک رات گذاریں گے۔
وزیراعظم کے لیے ریسٹ ہاؤس کو’’بیسٹ ہاؤس‘‘بنا دیا گیا ہے، قومی خزانے کی رقم سے ریسٹ ہاؤس کی قابل دید تزئین اور آرائش کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ فرنیچر، قالین اور دیگر سامان بھی نیا خریدا گیا ہے۔ ریسٹ ہاؤس کے باہر شاہانہ انداز کےخیمے بھی نصب کیے گئے ہیں جن میں سرخ قالین بچھائے گئے ہیں۔