کویت سٹی: وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کویت کے امیرکی دعوت پر آج دوروزہ دورے پر کویت روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف آج دوروزہ دورے پر کویت روانہ ہوں گے۔وفاقی وزیرپٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی،وزیراعظم کے خصوصی معاون برائےخارجہ امورسیدطارق فاطمی اور چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ مفتاح اسماعیل وزیراعظم کےہمراہ ہوں گے۔
وزیراعظم نوازشریف دو روزہ دورے کے دوران دونوں ممالک کےدرمیان روایتی طور پر قریبی اور برادرانہ تعلقات کےمختلف پہلوؤں کاجائزہ لینے کے لیےکویتی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم کویت کےامیر شیخ جابر امام مبارک امام حماد الصباح کےساتھ بھی ملاقات کریں گےاس کےعلاوہ دونوں فریقوں مختلف شعبوں میں موجودہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے تحت اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
وزیراعظم نوازشریف کویتی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے خطاب کرنے کے ساتھ ساتھ خطے کے رابطوں کے فروغ کےلیے پاکستان کے کردار پربھی بات کریں گے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم نوازشریف 3روزہ دورے پر ترکی روانہ
یاد رہےکہ گزشتہ ماہ وزیراعظم پاکستان 3روزہ دورے پر ترکی گئےتھےجہاں انہوں نے پاک ترک تزویراتی تعاون کونسل اجلاس میں شرکت کی تھی۔
واضح رہےکہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کے ہمراہ انقرہ میں پاک ترک اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے پانچویں اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی تھی۔