کراچی : امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے وزیرِاعظم نواز شریف آج کراچی پہنچ رہے ہیں، ایک روزہ دورے میں وزیرِاعظم امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے ، جس میں سندھ کی سیاسی و عسکری قیادت بھی موجود ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم نوازشریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے، وہ گورنر ہاؤس میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی شریک ہوں گے اور اس اہم اجلاس میں کراچی آپریشن اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں وزیرِاعلیٰ سندھ وزیر اعظم کو کراچی آپریشن پر بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کے بعد ابتدائی تحقیقات سے بھی وزیرِاعظم کو آگاہ کیا جائے گا جبکہ وزیرِاعظم کراچی آپریشن کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی کی منظوری بھی دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جبکہ پارسی کمیونٹی کے وفد سے ملاقات بھی وزیرِاعظم کی مصروفیات کا حصہ ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان اور وزیرِخزانہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔