خیرپور: صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو کا کہنا ہے کہ پنامہ لیکس کے ہنگامے پروزیر اعظم کی استعفے کی ضرورت نہیں، پہلے تحقیقات ہوں، جرم ثابت ہونے پرکاروائی کی جائے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے ان خیالات کا اظہار بے نظیر ڈسٹرکٹ اسکول کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ پنامہ لیکس کوئی قانونی دستاویزی نہیں ہے محض الزام ہے کہ جس پر وزیر اعظم کے استعفی دینے کی ضرورت نہیں سمجھتا۔
انہوں نے کہا کہ ان الزامات کی جامع انداز میں تحقیقات نیب و دیگر وفاقی اداروں سے کرائی جائے، ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے بہتراقدامات کی بدولت سندھ کے 7 ہزار بند اسکولوں میں سے اکثریت کو کھول دیا گیا ہے صرف 12 سو اسکولز ابھی بند ہیں، جن کے لئے این ٹی ایس سے پاس ہونے والے اساتذہ کو بھرتی کررہے ہیں۔
انہوں نے میڈٰیا کوبتایا کہ اب مستقبل میں این ٹی ایس ٹیسٹ پاس کئے بغیر کسی کو بھی بھرتی نہیں کیا جائے گا۔
، نثارکھوڑو کا کہنا ہے کہ سندھ کے تعلیمی میدان میں بہتری لانے کی کوشش کی جارہی ہے، سندھ کے گھوسٹ اساتذہ کو بایومیٹرک نظام کے تحت ٹریس کیا گیا ہے اس نظام کے قائم ہونے سے گھوسٹ اساتذہ بھی ڈیوٹیوں پر حاضری پر مجبورکردیے گئے ہیں۔