اسلام آباد(15 فروری 2026): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف،آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر (Chritisan Stocker) کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر ویانا، آسٹریا روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شریک ہیں۔
وزیرِ اعظم ویانا میں فیڈرل چانسلری میں کرسچئین اسٹاکر سے دو طرفہ و وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے، وزیرِ اعظم اور آسٹرین چانسلر دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے معروف کاروباری افراد کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
بعد ازاں وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے، وزیرِ اعظم ویانا میں اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ "پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ” کے موضوع پر خصوصی تقریب میں شرکت و خطاب کریں گے۔
وزیرِ اعظم انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائیریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے، وزیرِ اعظم کا آسٹریا کا سرکاری دورہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔


