اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی جانب سے ایک ارب ڈالرکی امداد کے اعلان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی فنڈ کے 4 رکنی وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وفاقی وزرا سمیت متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم نے سعودی عرب کی جانب سے ایک ارب ڈالرکی امداد کے اعلان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کابھرپور ساتھ دیا ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے سعودی عرب کی امداد کو انتہائی قدرکی نگاہ سےدیکھتے ہیں، ایک ارب ڈالر امداد کے اعلان پر سعودی عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری 10بلین ڈالرتک بڑھانے پر اظہار تشکر کیا تھا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کےتہہ دل سے شکر گزار ہیں، ہم اسٹیٹ بینک کےپاس ڈپازٹس 5 بلین ڈالر تک بڑھانے پر غور کےفیصلے پرمشکور ہیں۔