دوحا: وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آج قطر کے شہر دوحہ میں فیفا ورلڈ کپ کیلئے بنائے گئے "اسٹیڈیم 974” کا دورہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیڈیم پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو اسٹیڈیم کا گائیڈڈ دورہ کروایا گیا اور انہیں فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کے لیے قطر کی حکومت کی جانب سے کی گئی وسیع تیاریوں کے بارے میں بتایا گیا۔
وزیراعظم نے دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے لیے جدید ترین سہولیات کے قیام میں قطر کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے فٹ بال اسٹیڈیم کی شان و شوکت اور اس سے منسلک سہولیات کی تعریف کی، جس میں قطری ثقافت اور شناخت کی عکاسی کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے قطر کے عوام اور قیادت کو میگا ایونٹ کے انعقاد میں شاندار کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا ۔وزیر اعظم نے ورلڈ کپ سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں پاکستانی افرادی قوت کے اہم کردار کو سراہا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کو اس حقیقت پر فخر ہے کہ فیفا ورلڈ کپ قطر 2022 کا آفیشل میچ بال "الریحلہ” پاکستان میں بنایا گیا ہے.