اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کے تحفظ اور انسانی اقدار کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے حوالے سے قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے قانونی اصلاحات سمیت انسانی حقوق کے حوالے سے کئی اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسلام ہی ہے جس نے سب سے پہلے معاشرے کے لیے انسانی حقوق کا تعین کیا اسی لیے ہم تمام انسانوں کے بلاتفریق پرامن اور برابری کی سطح پرانسانی حقوق کے حامی ہیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کشمیریوں، فلسطینیوں، روہنگیا مسلمانوں کو بنیادی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کے لیے کوششیں عالمی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے یونیورسل ڈیکلریشن 1948 میں انسانی حقوق کو تحفط دیا گیا۔