The news is by your side.

Advertisement

وزیراعظم جلد وطن واپس لوٹ آئیں گے:پرویز رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف رو بہ صحت ہیں اور بہت جلد وطن واپس لوٹ آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرآزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے اور انہوں نے کہا ہے کہ لندن میں ڈاکٹروں نے نواز شریف کا طبی معائنہ کیا ہے، وزیراعظم کی تکلیف میں کمی آرہی ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں پرامید رپورٹ دی ہے۔

پرویز رشید نے یہ بھی کہا کہ عمران خان لندن کے میئر کے انتخابات میں زیک گولڈ اسمتھ کے حق میں اور صادق خان کے خلاف انتخابی مہم چلانے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے مخالف غیر پاکستانی کے لئے ووٹ مانگ رہے ہیں۔

خطاب کے دوران پرویز رشید نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اصولوں کی سیاست کرتے ہیں، پاکستان کے لوگ نوازشریف کو دیکھتے ہیں تو انہیں مضبوط، مستحکم اور ایٹمی صلاحیت سے لیس پاکستان نظر آتا ہے، ان کی قیادت میں لوگ لوڈشیڈنگ سے پاک پاکستان دیکھ رہے ہیں لیکن مخالفین میڈیا کو اپنے منفی مقاصد کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف سازشوں کی طویل داستان ہے، اگران کے خلاف سازشیں نہ ہوتیں تو آج پاکستان ترقی کی منازل طے کرچکا ہوتا۔ بدقسمتی سے پاکستان کی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں گزشتہ انتخابات میں عوام کے مینڈینٹ کا احترام کیا لیکن عوام کے تعاون سے آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت مسلم لیگ ن کی ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ان دنوں لندن میں علاج کی غرض سے موجود ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی ان دنوں لندن میں مقیم ہیں اور انہوں نے سابق وزیرداخلہ رحمان ملک کو بھی لندن طلب کیا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بھی ان دنوں لندن میں مقیم ہیں اوران کا کہنا ہے کہ وہ فنڈ ریزنگ کے لئے پہلے سے شیڈول پروگرام پر لندن آئے ہیں، دوسری جانب عمران خان پنامہ لیکس کے معاملے پر تحقیقات کے لئے بین الاقوامی اداروں سے بھی رابطہ کرنے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں