نیویارک : وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد لندن روانہ ہوگئے ، جہاں سے وہ وطن واپس آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کی شب امریکا کے ایک ہفتے کے مصروف دورے کے بعد وطن واپسی کے لیے لندن روانہ ہو گئے۔
وزیراعظم کو نیویارک ایئرپورٹ پر پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد، امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، اور قونصلیٹ کے سینئر حکام نے الوداع کہا۔ اس موقع پر ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
امریکا کے دورے کے دوران انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں وفد کی قیادت کی۔
وزیراعظم نے دورے کے دوران واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات بھی کی، جس میں پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصف منیر بھی شریک ہوئے۔
یہ تیسری مرتبہ تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے 193 رکن ممالک کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، انصاف اور ترقی کے لیے کھڑا رہے گا۔ انہوں نے ایک مضبوط، شفاف اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے کثیرالجہتی نظام کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو مزید فعال بنانے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کو درپیش چیلنجز اور ان پر قابو پانے کی حکومتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


