اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے قومی اسمبلی کے اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جن میں ابرار شاہ، ثمینہ خالد، شاہدہ رحمان، جمال شاہ کاکڑ، خرم شہزاد، سردار یعقوب ناصر، میجر (ر) طاہر اقبال اور میاں خان بگٹی شامل تھے۔
اراکین قومی اسمبلی نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم کی قیادت کو سراہا جبکہ شہباز شریف نے معاشی استحکام کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی ایک بار پھر اپوزیشن کو بات چیت کی دعوت
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، بجٹ میں کاروباری برادری کے لیے ٹیکس رعایتوں سے سرمایہ کاری بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی نمو کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جائیں گے، معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔


