اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سویڈن میں قرآن پاک کی ہونے والی بے حرمتی کے خلاف 7 جولائی کو ’یوم تقدس قرآن‘ منانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں ’یوم تقدس قرآن‘ منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جمعہ کو سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا۔ شہباز شریف نے تمام جماعتوں اور عوام کو احتجاج میں شرکت کی اپیل کر دی۔
اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم ایک زبان ہو کر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی، جمعہ کو سویڈن واقعے کی مذمت میں ملک گیر احتجاجی ریلیاں نکالیں۔
مزید برآں وزیر اعظم نے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کیا جائے، پارلیمنٹ سے قوم کے جذبات اور احساسات کی بھرپور ترجمانی کی جائے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشترکہ قرارداد منظور کی جائے۔
وزیر اعظم نے مسلم لیگ (ن) کو بھی یوم تقدس قرآن میں بھرپور شرکت کی ہدایت کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کی عزت و حرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، قرآن کریم کی عزت و حرمت کیلیے ہم سب ایک ہیں، گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کو پھیلا کر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کی امن پسند اقوام اور قیادت اسلاموفوبیا کی شکار قوتوں کا راستہ روکیں، امن پسند اقوام مذہبی تعصبات کی حامل متشدد قوتوں کی حوصلہ شکنی کریں۔
’مذہب اور عقائد کو نشانہ بنانے والے متشدد ذہن دنیا کے امن کیلیے خطرہ ہیں۔ بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قومیں ایسے واقعات روکنے کیلیے کام کریں۔‘