اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں علاقائی وعالمی صورتحال سمیت اسلام آباد مذاکرات پر مشاورت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے، ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں وزیراعظم کا سعودی عرب کا یہ دوسرا دورہ ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سٹریٹجک شراکت داری کا عکاس ہے۔
سعودی عرب میں قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، اس ملاقات کو خطے کی موجودہ صورتحال اور پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے تناظر میں انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم دوطرفہ امور، اقتصادی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کا ایک اہم ترین ایجنڈا پاکستان کی ثالثی میں جاری "امریکہ ایران مذاکرات” کا آئندہ لائحہ عمل ہے، جس پر دونوں رہنما تفصیلی مشاورت کریں گے۔
سعودی عرب کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف براہِ راست ترکیہ روانہ ہوں گے۔ ترکیہ میں وزیراعظم "اناطولیہ ڈپلومیسی فورم” میں شرکت کریں گے، جہاں وہ عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا موقف پیش کریں گے اور علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔
سفارتی ماہرین کے مطابق، وزیراعظم کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے ایک کلیدی سہولت کار کے طور پر ابھرا ہے۔


