نیویارک : وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات میں کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے وابستگی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور پرامن ذرائع اختیار کرنے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ ملاقات میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور دہشت گردی میں اضافے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انتونیو گوتریس نے عالمی امن اور سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو سراہا۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی سائٹ ‘ایکس’ (ٹویٹر) پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یو این سیکریٹری جنرل سے ملاقات انتہائی باعثِ مسرت رہی۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور دنیا بھر میں قیامِ امن کے لیے انتونیو گوتریس کے عزم کو انتہائی اہم سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ملاقات کے دوران خطے اور دنیا کو درپیش سنگین درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارت کاری ہی واحد اور مؤثر راستہ ہے۔
شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان اور افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے شدید تحفظات سے بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے انسدادِ دہشت گردی اور عالمی امن کی بحالی کے لیے پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کا اعتراف کرنے پر سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا شکریہ ادا کیا۔


