اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط لکھ کر مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو خط لکھ کر آیت اللہ خامنہ ای و دیگر کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور ان کو نئے ایرانی سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ نئے سپریم لیڈر ایران کو امن اور خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے، آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا پاکستانی عوام کو بھی گہرا دکھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ہم ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان، ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نئے سپریم لیڈر کی صحت، کامیابی اور ایرانی عوام کیلئے خوشحالی کی دعا بھی کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خطہ اس وقت شدید کشیدگی اور تنازعات کا سامنا کررہا ہے، امید ہے صورتحال جلد مستحکم اور خطے کے عوام کے حالات میں بہتری آئے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


