اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اہم امور پر مشاورت کے لیے قانونی ماہرین کو طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کراچی سے لاہور پہنچیں گے جہاں انہوں نے قانونی ماہرین کو طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف بھی موجود ہوں گے۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق معاملات زیرِ غور آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مشاورت کے بعد اتحادیوں سے مشورہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس میں کل اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں پیش ہوں گے۔ عدالت نے وزیر اعظم کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف گزشتہ چار پیشیوں پر عدالت نہیں آئے، ان کی جانب سے حاضری معافی کی درخواستیں دائر کی جاتی رہیں۔
ذرائع نے کہا کہ عدالت نے متعدد بار شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت ملزمان کو طلب کر چکی ہے، شہباز شریف کی عدم پیشی، متفرق درخواستوں پر ابھی تک فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔