اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف آج بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے، ٹرمپ کی میزبانی میں اجلاس کی بنیادی توجہ غزہ کی تعمیر نو کیلئے فنڈنگ اور جنگ بندی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر امریکا کے تین روزہ دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ آج غزہ سے متعلق “بورڈ آف پیس” کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں غزہ میں جنگ بندی کے اگلے مرحلے اور علاقے کی تعمیر نو کے لیے فنڈنگ پر غور کیا جائے گا، جبکہ سعودی عرب، مصر، قطر، متحدہ عرب امارات اور بحرین سمیت دیگر ممالک بھی شریک ہوں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی وفد میں شامل ہیں۔
اجلاس ڈونلڈ جے ٹرمپ یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں منعقد کیا جائے گا، جس کی میزبانی صدر ٹرمپ کریں گے۔ اجلاس کی بنیادی توجہ غزہ میں جنگ بندی، تعمیر نو اور فنڈ ریزنگ پر ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے، جبکہ کئی اہم عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے موقع پر دیگر عالمی رہنماؤں اور سینئر امریکی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جہاں دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خیال رہے آٹھ مسلم ممالک نے مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاریوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حماس کو اپنے مکمل اور فوری غیر مسلح ہونے کے عزم کو پورا کرنا ہوگا، تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ “بورڈ آف پیس” تاریخ کا سب سے مؤثر بین الاقوامی ادارہ ثابت ہوگا، اور اس کے چیئرمین کے طور پر ذمہ داری سنبھالنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
ذرائع کے مطابق بورڈ آف پیس میں مستقل رکنیت کے لیے ایک ارب ڈالر فیس مقرر کی گئی ہے، جبکہ کئی یورپی ممالک نے اس فورم میں شرکت یا رکنیت کیلئے ٹرمپ کی دعوت مسترد کر دی ہے۔
جہانزیب علی اے آر وائی نیوز امریکا میں بطور بیورو چیف فرائض انجام دے رہے ہیں


