اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفارتخانے پہنچ کر سفیر جیانگ زیڈانگ سے ملاقات کی، اس موقع پر ان کے ساتھ وفاقی وزرا احسن اقبال، عطا تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے کراچی میں چینی قافلے پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور حملے میں چینی باشندوں کی اموات پر شدید رنج و الم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ذمہ دار افراد کی جلد شناخت کے لیے حکومت متحرک ہے، ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں موجود چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ غیرملکیوں کی سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں چینی سفیر نے واقعے کے بعد حکومت پاکستان کے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر اظہار تشکر کیا اور ذمہ داروں کی فوری شناخت، جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ امید ہے واقعے کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
واضح رہے گزشتہ روز کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب سگنل پر خوفناک دھماکے میں 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ چار پولیس اور دو رینجرز اہلکاروں سمیت سترہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔