اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف آج ایم کیو ایم قیادت کو 27ویں آئینی ترمیم پر اعتماد میں لیں گے اور آئینی ترمیم کا ڈرافٹ ایم کیو ایم کے حوالے کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق 27 ویں آئینی ترمیم پر اعتماد میں لینے کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور ایم کیو ایم قیادت کے درمیان ملاقات آج ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات آج دوپہر 12 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، امین الحق اور جاوید حنیف شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا وزیراعظم ایم کیو ایم کو ترمیم کے مختلف نکات پر بریف کریں گے جبکہ ترمیم کا ڈرافٹ بھی ایم کیو ایم کے حوالے کیا جائے گا۔
ملاقات میں ن لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والے معاہدے کو بھی زیرِ بحث لایا جائے گا۔
ذرائع نے کہا ایم کیو ایم بلدیاتی آئینی ترمیم پیکج اور آرٹیکل 140اے پر عملدرآمد کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھے گی، قیادت کراچی سمیت شہری سندھ کے مسائل اور نکات کو ترمیم میں شامل کرانے پر زور دے گی۔
ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم گڈ گورننس اور صوبوں میں بہتر ہم آہنگی سے متعلق ہے، جبکہ فاروق ستار نے کہا کہ اگر ملکی مفاد میں 27ویں آئینی ترمیم ضروری ہے تو پریشانی کی کوئی بات نہیں۔


