اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا جس کے لیے 13 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس دن ساڑھے 11 بجے وزیر اعظم آفس میں ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے لیے 13 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا جس کے مطابق مختلف معاملات پر غور ہوگا۔ اجلاس میں صحت کے شعبے میں فلسطین کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔
چیئرمین نیپرا اور ممبران کی تقرری بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ اجلاس میں اسٹیل مل کے لیے ضمنی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے لیے 5 کروڑ کی خصوصی گرانٹ کی بھی منظوری دے گی۔ اس کے علاوہ موبائل کمپنیوں کی لائسنس کی تجدید بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس 10 دسمبر کو ہوا تھا جس میں وزیر اعظم عمران خان نے تمام وزرا سے 100 دن کی کارکردگی دریافت کی تھی۔
گزشتہ اجلاس میں ہر وزارت سے اقدامات، کفایت شعاری مہم اور آئندہ پلان پر بات کی گئی تھی جبکہ وزرا سے آئندہ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات سے متعلق بھی پوچھا گیا تھا۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے ہر 3 ماہ بعد وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزیر اعظم نے وزرا کو اسٹریٹیجک پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی تھی، وزیر اعظم کی ہدایت پر اسٹریٹیجک پلان 5 سال کے لیے بنایا جائے گا۔