اسلام آباد : نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ آج کویت کے ولی عہد شيخ مشعل الاحمد الجابرالصباح سے ملاقات کریں گے ، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا دو روزہ دورے پر کویت پہنچ گئے ہیں ، انوار الحق کاکڑ آج کویت کے ولی عہد شيخ مشعل الاحمد الجابرالصباح سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم کویت کےوزیراعظم شيخ احمد النواف الاحمد الصباح سےوفدکےہمراہ ملیں گے ، ملاقات میں دونوں ممالک کےدرمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
گذشتہ روز نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کے کویت پہنچنے پر کویت کے وزیرِ بجلی، پانی و قابل تجدید توانائی ڈاکٹر جاسم محمد عبداللہ الاستاد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستان کے کویت میں سفیر ملک محمد فاروق اور دونوں ممالک کے اعلی سفارتی اہلکار بھی موجود تھے.. دورے کے دوران وزیرِ اعظم ولی عہد کویت شيخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیرِ اعظم عزت مآب شيخ احمد النواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔
نگران وزیرِ اعظم کا دورہ کویت دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و معاشی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا، جس میں افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات و کان کنی، غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔