اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ قطر کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وزیر اعظم قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے دوروں کے بعد اگلا دورہ قطر کا ہوگا جو رواں ماہ ہی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ قطر کے دوران وزیر اعظم امیر قطر اور ہم منصب سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ قطر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گے۔ اس دوران پاکستان اور قطر ایل این جی معاہدے پر بھی بات چیت کریں گے۔
دورہ قطر کے دوران وزیر اعظم پاکستان کی افرادی قوت قطر بھیجنے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دورے کے دوران وفاقی وزرا بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اب تک 2 بار سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کا دورہ کرچکے ہیں۔
اپنے 5 روزہ دورہ چین میں وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران 15 معاہدوں اور یاداشتوں پر بھی دستخط کیے۔
اس سے قبل دورہ سعودی عرب میں دوست ملک نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کے لیے بڑا پیکج دے کر تحریک انصاف حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا اور پاکستان کے لیے 12 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔
پیکج کے مطابق پاکستان کو 3 ارب ڈالر ایڈونس دیے جائیں گے، تین ارب ڈالر کا ادھار تیل تین سال تک دیا جائے گا جبکہ بیلنس آف پیمنٹ کے لیے ایک سال تک تین ارب ڈالر بھی پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھے جائیں گے۔