واشنگٹن: وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وہ 21 جولائی کو امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب بھی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید نے زلفی بخاری اور علی جہانگیر صدیقی کے اعزاز میں عشائیہ رکھا، اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دورہ امریکا اہم ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے، عمران خان پاکستان کو کرپشن فری معاشرہ بنانا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کے وزرا انتہائی محنت سے کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10سال میں اداروں کو تباہ کیا گیا، منسٹر کی سطح سے سیکشن آفیسر تک سب کو کرپٹ کیا گیا، پاکستان میں آج کل ہر کوئی معیشت پر ماہر بنا ہوا ہے۔
لفی بخاری نے کہا کہ عوام سیاسی مافیا کی باتوں پر دھیان نہ دیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کریں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے ماحول سازگار بنا رہےہیں، گزشتہ 5سال میں کسی وزیر اعظم نے بورڈ آف ریونیو کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔