اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ بجلی صارفین کو ریلیف دینے کیلئے حقائق پر مبنی غیرروایتی حل تلاش کررہےہیں ، عوامی جذبات مجروح کیے بغیر کم مدت میں مسئلے کو حل کرلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے غیرملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی صارفین کوریلیف کیلئے حقائق پر مبنی غیر روایتی حل تلاش کر رہے ہیں، گردشی قرضہ، بجلی چوری اور لائن لائسز جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ عوامی جذبات مجروح کیے بغیر کم مدت میں مسئلے کا حل تلاش کریں گے ساتھ ہی معاشی بحالی اور سرمایہ کاری کے حصول پر توجہ مرکوز رہے گی۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کےذریعےحکمت عملی مرتب کی ہے، زراعت،آئی ٹی،معدنیات، اوردفاع پیداوار کے شعبوں میں سرمایہ کاری پرتوجہ ہے۔
انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے، الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈتمام جماعتوں میں یکساں مساوی مواقع میسر ہوں گے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ تشدد پسند رویے رکھنے والوں سے قانون کےمطابق نمٹاجائےگا، بلوچستان کے عوام نے سیاسی وابستگی سےبالاترہوکرسی پیک منصوبوں کاخیرمقدم کی۔
نگران وزیراعظم نے بتایا کہ چینی باشندوں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ریکوڈک منصوبے پر جلد کام شروع ہوگا۔