اسلام آباد (12 فروری 2026): پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر پروفیسر رضوان تاج نے زائد فیس وصول کرنے والے کالجز کے خلاف شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
پروفیسر رضوان تاج نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ زائد فیس وصول کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی ہوگی، اس سلسلے میں 12 میڈیکل و ڈینٹل کالجز کو شوکاز جاری کر دیے ہیں۔
صدر پی ایم ڈی سی نے بتایا کہ اضافی وصول کی گئی فیس واپس یا اگلے سال ایڈجسٹ کی جائے گی، زائد وصولی کے معاملے پر کچھ اداروں نے عدالت سے رجوع کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے فیس کی حد مقرر
انہوں نے مزید کہا کہ فیس بڑھانے کیلیے میڈیکل کالجز کو مالی جواز دینا لازمی ہوگا، میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی فیس میں اضافہ ویلیوایشن کے بعد ہی منظور ہوگا۔
واضح رہے کہ 30 جنوری کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ملک بھر کے پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ایم ایم بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کیلیے زیادہ سے زیادہ فیس کی حد مقرر کی تھی۔
پی ایم ڈی سی نے بتایا تھا کہ پروگرامز کی زیادہ سے زیادہ ٹیوشن فیس، تمام اضافی چارجز سمیت، 18 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، یہ فیس 2024–25 کے سیشن کے تمام سالانہ طلبہ پر لاگو ہوگی۔
مزید بتایا گیا تھا کہ 6 اکتوبر 2025 کو اعلان کردہ 5 فیصد اضافے کے ساتھ 2025–26 کے سیشن سے فیس 18.9 لاکھ روپے ہوگی جو تمام سالانہ سیشنز اور تمام طلبہ پر نافذ ہوگی۔
پی ایم ڈی سی نے یہ بھی واضح کیا کہ 2026 کے بعد فیس میں کسی بھی قسم کا اضافہ صرف کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اس سلسلے میں علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ اس فیس اسٹرکچر پر مکمل عمل کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


