اسلام آباد (20 فروری 2026): فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے دوسرے پارلیمانی سال کی رپورٹ میں ارکان کی شرکت سے متعلق تفصیلات جاری کر دیں۔
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے دوسرے پارلیمانی سال سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے 84 اجلاسوں میں شریک سیاستدانوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
رپورٹ میں وزیراعظم سمیت اجلاسوں میں سب سے زیادہ شریک اراکین، سب سے کم شرکت کرنے والے اور ایک بھی اجلاس میں حاضر نہ ہونے والے اراکین کی تعداد اور نام بتائے گئے ہیں۔
فافن رپورٹ کے مطابق حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کے سربراہ اور تین بار کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ کے دوسرے پارلیمانی سال کے 84 اجلاسوں میں صرف ایک اجلاس میں ہی شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 6 جب کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 8 اجلاسوں میں شرکت کی۔ قومی اسمبلی کے 11 ارکان کی حاضری سنگل ڈیجٹ میں رہی۔
کم حاضری والے ارکان میں خاتون سمیت مسلم لیگ ن کے تین جب کہ پانچ پی ٹی آئی سے وابستہ آزاد ارکان شامل ہیں۔ کم حاضری والے ارکان میں پنجاب سے 9 جب کہ سندھ اور بلوچستان سے ایک، ایک رکن منتخب ہوا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سمیت 5 اراکین نے قومی اسمبلی کے ایک بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ ان میں حمزہ شہباز کے علاوہ علی افضل ساہی، عمر فاروق، محبوب سلطان اور وقاص اکرم شامل ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


