تازہ ترین

شہبازشریف مسلم لیگ(ن) کے بلامقابلہ قائم مقام صدر منتخب

 لاہور: مسلم لیگ ن نے نا اہل سابق وزیراعظم نوازشریف کو پارٹی کا تاحیات قائد اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو قائم مقام صدر منتخب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں چیئرمین راجہ ظفرالحق کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف، حمزہ شہباز، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، گورنرپنجاب رفیق رجوانہ، سردار مہتاب عباسی، پیر صابر شاہ، راجہ فاروق حیدر، ایازصادق اوروزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نےشرکت کی۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی صدارت کے لیے شہبازشریف کو صدربنانے کی تجویز ن لیگ کی مجلس عاملہ کے سامنے پیش کی۔

خواجہ سعد رفیق سمیت مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں نے شہبازشریف کے حق میں ہاتھ اٹھایا، جس کے بعد شہبازشریف مسلم لیگ ن کے قام مقام صدر بن گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے مسلم لیگ ن کے قائم مقام صدر بننے پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

چیئرمین راجہ ظفرا لحق کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ نے نوازشریف کو تاحیات قائد بنانے کی منظوری دے دی۔


نوازشریف کا خطاب


نوازشریف نے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پی سی او کے تحت حلف لیتے رہو ہم فیصلے تسلیم کرتے رہیں۔

نا اہل سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اپنے ملک کے آئین کو چھوڑ کر آمرسے حلف لینا سب سے بڑا جرم ہے، آپ آمر کی وفاداری کا حلف لیتے ہیں اس سے بڑا جرم کوئی نہیں۔

نوازشریف نے کہا کہ جوسزا دی گئی اس جرم کا 100 واں حصہ بھی نہیں کیا، اس فیصلے کو نہیں مانتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ن لیگ کی شاندار کامیابی بھی ہے اور طاقتور بیانیہ بھی، قوم آپ کی منتظر ہے یہی بیانیہ لے کر قوم کے پاس جانا ہے۔

نوازشریف نے ن لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ مسلم لیگ ن کی فتح ہوگی۔

دوسری جانب مسلم لیگ(ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس 6 مارچ کو ہوگا ، جس میں شہبازشریف کو باقاعدہ طورپرمنتخب کیا جائے گا۔


نوازشریف پارٹی صدارت کے لئے نااہل قرار


خیال رہے کہ گزشتہ ‌‌‌ہفتے سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات 2017 کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کی دفعہ 62،63 پر پورا نہ اترنے والا نا اہل شخص کسی سیاسی جماعت کی صدارت نہیں‌ کرسکتا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے نتیجے میں نوازشریف مسلم لیگ ن کی صدارات کے لیے نا اہل ہوگئے ہیں، انہیں پاناما کیس میں آئین کی دفعہ 62،63 کے تحت نا اہل قراردیا گیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

Comments

- Advertisement -