خانیوال:نون لیگ کے ناراض ایم پی اے نشاط ڈاہا انتقال کرگئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق نشاط ڈاہا کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے جو آج اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔
نشاط ڈاہا پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی دو سو چھ پرن لیگ کےٹکٹ پرمنتخب ہوئےتھے، مرحوم 15 جنوری 1948 کو خانیوال میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے 1969 میں گورنمنٹ کالج سرگودھا سے گریجویشن کیا۔
سیاسی کیرئیر کا آغاز بطور چیئرمین خانیوال کی حیثیت سے کیا، دو ہزار ایک سے دو ہزار پانچ کے درمیان تحصیل ناظم رہے، دو ہزار آٹھ کے انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑا اور بھرپور کامیابی حاصل کی۔
نشاط ڈاہا نے دو ہزار نو سے گیارہ کے درمیان معدنیات کے پارلیمانی سیکرٹری کے طور پر کام کیا۔ دوہزار تیرہ، اٹھارہ کے الیکشن میں بھی صوبائی اسمبلی کی نشست جیت کر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے رکن پنجاب اسمبلی نشاط احمد ڈاہا کے انتقال پر دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ نشاط احمد ڈاہا مرحوم کے انتقال پر دلی رنج ہوا، مرحوم سے دیرینہ تعلقات تھے- اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کوجوار رحمت میں جگہ دے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔