مری (19 فروری 2026) پاکستان کے سب سے مشہور اور مصروف سیاحتی مقام سے کئی عمارتیں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت مری کی تعمیر اور ترقی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے مری ڈیولپمنٹ پلان پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں کوٹلی ستیاں کو پنجاب کا نیا اور جدید ترین ٹورازم ہب بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اور کوٹلی ستیاں میں نئی چیئر لفٹ پراجیکٹ سمیت ٹورازم کی 14 اسکیموں کی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ مری گلاس ٹرین پراجیکٹ کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے مظفر آباد تک توسیع دینے پر اتفاق کیا گیا اور مری کی تاریخی عمارتوں کو قدیمی ڈیزائن کے مطابق بحال کرنے کیلیے شعبہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ مری میں ایک ہی مخصوص جگہ پر میعاری ہوٹلز قائم کرنے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مری ہوٹل کمپلیکس بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ مری میں سہ منزلہ عمارتیں ہٹا کر اس کی جگہ پارک، گرین ایریاز بنائے جائیں گے، جب کہ اپر جھیکا گلی میں سہ منزلہ بلڈنگز ہٹا کر سڑک کی توسیع کی جائے گی۔ مری اور کشمیر روڈ کو اسٹیٹ آف دی آرٹ سڑک بنایا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


