اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کے بھائی اور پی آئی اے اسلام آباد کے اسٹیشن منیجر ساجد اللہ خان اور اس کے دست راست یحییٰ چوہان کی پی آئی اے میں لوٹ مار سامنے آگئی۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کے بھائی اور پی آئی اے اسلام آباد کے اسٹیشن منیجر ساجد اللہ خان بغیر ٹکٹ مسافر اور غیر قانونی سامان بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ اس دھندے میں کائونٹر انچار ج یحیٰ چوہان انکا دست راست ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ راز اس وقت کھلا جب کوپن ہیگن میں پی آئی اے کے عملے نے اسمگل کیا گیا سامان پکڑ کر ساجد اللہ خان اور یحیٰی چوہان کے خلاف خط ہیڈ آفس کو بھجوایا، شکایت ہیڈ آفس پہنچی تو اعلیٰ شخصیات مجرموں کوبچانے کیلئے سرگرم ہوگئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ساجد اللہ اور ان کے دست راست کاؤنٹر انچارج یحیٰ چوہان جعلی بورڈنگ کارڈ پر متعدد افراد کو امریکہ اور یورپ بھی بھجوا چکے ہیں ،دونوں افسران کے خلاف کارروائی روکنے کے لیے اعلٰی شخصیات کا پی آئی اے حکام پر شدید دباؤ ہے ۔
ساجد اللہ اور یحیی چوہان کیخلاف ایک سال سے جاری انکوائری بھی رکوائی جا رہی ہے۔