اسلام آباد (23 اکتوبر 2025): پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبہ پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ اور پی پی کے مابین کے پی ضمنی الیکشن کے لیے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا قوی امکان ہے، اس معاملے پر سیاسی جماعتوں کے رابطے جاری ہیں۔
پی پی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ نے ن لیگ اور دیگر جماعتوں سے رابطے کیے ہیں، پی پی اور ن لیگ میں ضمنی الیکشن پر معاملات جلد طے ہونے کا امکان ہے۔
پیپلزپارٹی کی آزادکشمیر اسمبلی میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے کوششیں تیز
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی پارٹیوں نے کے پی ضمنی الیکشن سے متعلق مطالبات ایک دوسرے کے سامنے رکھ دیے ہیں، پیپلز پارٹی نے چترال، اور ن لیگ نے ہری پور کی سیٹ میں دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔ این اے 1 چترال کی نشست پیپلز پارٹی کو ملنے کا امکان ہے، این اے 18 ہری پور کی سیٹ ن لیگ کو ملنے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن نے چترال، ہری پور ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ این اے 1 چترال، این اے 18 ہری پور کی نشست پر پولنگ 23 نومبر کو ہوگی۔
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔


