اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے ارکان پارلیمنٹ نے مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کیا جس میں راناتنویر، آصف کرمانی، مشاہدحسین سید اور دیگر بھی شریک تھے ن لیگ کے ارکان نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر کا کہنا تھا کہ حکومتی سبسڈی سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہے، پہلے 6 ارب کی سبسڈی کا کہا گیا وہ بھی عوام کو نہیں ملی۔
رانا تنویر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کی تحقیقات کرائی ہے، تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو موصول ہوگئی ہے، رپورٹ کو پبلک کیا جائے اور پارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے۔
کوئی شک نہیں کہ مہنگائی سے عوام مشکل میں ہیں، اسد عمر
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں کہ مہنگائی سے عوام مشکل میں ہیں، مہنگائی کا جتنا احساس آپ کو ہے اس سے زیادہ وزیراعطم کو ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ مافیا مل کر ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے خلاف جہاد کیا ہے، اسی طرح وزیراعظم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف جہاد کے لیے تیار ہیں۔