لاہور: سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 128 سے منتخب ہونے والے مسلم لیگ ق کے رکن پنجاب اسمبلی باؤ رضوان نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گورنرہاؤس میں آج صبح دس بجے نئے وزیر کی حلف برداری کی تقریب ہوئی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نئے وزیر باؤ رضوان سے حلف لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ سمیت دیگر رہنماؤں نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔
ق لیگ کو ایک اور وزارت مل گئی، محمد رضوان کل حلف اٹھائیں گے
خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ق لیگ کے رہنما مونس الہٰی نے ملاقات کی تھی جس میں ق لیگ کو صوبہ پنجاب میں مزید ایک وزارت دینے پر اتفاق ہوا تھا۔
چوہدری محمد سرور اور مونس الہیٰ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ق لیگ کے ناراض وزیر حافظ عمار کا بھی استعفیٰ واپس لینے کا فیصلہ ہوا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 18 جنوری کو مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے وزیر معدنیات پنجاب عمار یاسر نے پارٹی قیادت کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا تھا۔
عمار یاسر کا کہنا تھا کہ میری وزارت اور کام میں بلاوجہ رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، میں نے وزارت کا منصب ملک وقوم کی خدمت کے لیے قبول کیا تھا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کے پاس پنجاب میں اسپیکرشپ اور 3 وزارتیں ہوگئیں اور ق لیگ کا پنجاب میں ایک پارلیمانی سیکرٹری بھی بن گیا۔