پیر, فروری 17, 2025
اشتہار

پی پی 97 ،دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ ن کامیاب،تحریک انصاف کی سیٹ ہاتھ سے گئی

اشتہار

حیرت انگیز

گوجرانوالہ : حلقہ پی پی 97 کے دو پولنگ سٹیشنوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد اشرف وڑائچ 446 ووٹوں سے جیت گئے۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 97 میں 21 جون 2015ءکو ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار محمد ناصر چیمہ کو کامیاب قرار دے دیا گیا تھا جس کے بعد مد مقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد اشرف وڑائچ نے سپریم کورٹ میں پولنگ اسٹیشن نمبر 118 اور 120 کی گنتی کروا کر اسے حلقہ پی پی 97 کے کُل ووٹ میں شامل کرنے کی درخواست جمع کروائی تھی۔

کیس کی سماعت چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی جس نے حکم صادر کیا کہ یکم جون 2016 کو فیصلہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حکم جاری کیا تھا کہ 33 پولنگ سٹیشنوں کے ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی میں پولنگ سٹیشن نمبر 118 اور 120 کے ووٹوں کو شامل کر کے ضمنی انتخابات میں جیتنے والے امید وار کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

سپریم کورٹ کے حکم پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر گوجرانوالہ نے مسلم لیگ (ن )کے چوہدری محمد اشرف وڑائچ اور تحریک انصاف کے ناصر چیمہ کی موجودگی میں کی گئی ووٹوں کی گنتی میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد اشرف وڑائچ 446 ووٹوں سے دوبارہ ایم پی اے منتخب ہوگئے،جن کا نوٹیفیکیشن آج جاری کیا جائے گا۔

چوہدری محمد اشرف وڑائچ کی کامیابی کے اعلان پر گاﺅں پپناکھ میں مسلم لیگ (ن) کے ہزاروں کارکنان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور پارٹی ترانے گاتے رہے،اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔

واضح رہے دوبارہ گنتی کے مطابق چوہدری محمد اشرف وڑائچ 28046 ووٹوں سے جیتے جبکہ ناصر چیمہ 27600 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ہیں، جس کے بعد چوہدری اشرف کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی گئی جب کہ تحریک انصاف کے چوہدری محمد ناصر چیمہ 11 ماہ اور 22 دن تک ایم پی اے رہنے کے بعد فارغ ہو گئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں