ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی انسانی اسمگلنگ میں ملوث pmln Member
The news is by your side.

Advertisement

ن لیگ ایم این اے کا انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان کا انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے،اسلام آباد میں موجود یورپی ممالک کے سفارت خانوں نے بابر نواز کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بابر خان جو کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین بھی ہیں،ان پر سفارت خانوں نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے مختلف وفود کی صورت میں لوگوں کو یورپی ممالک بھجوانے میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

یورپی سفارتخانوں کے ساتھ ساتھ کئی دیگر بڑے سفارتخانوں کو بھی بابر نواز کی مشکوک سرگرمیوں سے متعلق باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرتگال کے سفارتخانے کا راجہ نوید نامی ایک مقامی ملازم ا س سلسلے میں باضابطہ طور پر سہولت کارکے طور پر خدمات سرانجام دیتا رہا ہے۔

باخبر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ راجہ نوید نامی ملازم نہ صرف مذکورہ ایم ان اے کا سہولت کار ہے بلکہ سفارخانے میں ویزا کے اجراء میں براہ راست ملوث ہونے کے باعث کئی غیرقانونی ٹریول ایجنٹس کوویزے کا بندوبست کراکے دیتا ہے۔

واضح رہے کہ پرتگال کا پاکستان میں واحد سفارت خانہ ہے جس میں سفیر براہ راست ویزوں کا اجرا اپنے دستخط سے کرتے ہیں جبکہ بقیہ تمام سفارت خانوں میں یہ عمل نچلے درجے کے عملے کا کام ہوتا ہے، عام طور پرسفرا کسی صورت ویزا کے اجرا کے کسی عمل میں براہ راست ملوث نہیں ہوتے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی اس خط کے اجرا کی اطلاع ملنے پر واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

امکان ہے کہ رکن اسمبلی سے اس معاملے میں آئندہ چند دنوں میں باضابطہ تفتیش کی جائے گی اور راجا نوید نامی شخص کو بھی حراست میں لیا جاسکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بابر نواز خان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین ہیں۔

پڑھیں: انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد اور این جی اوز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

یاد رہے گزشتہ روز وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی سربراہی میں وزارتِ داخلہ کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث این جی اوز اور شخصیات کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

چوہدری نثار علی خان نے ہدایت کی تھی کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے خصوصی سیل تشکیل دیا جائے اور اُن کے خلاف ہر صورت کارروائی عمل میں لائی جائے، انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے خصوصی فورس میں نادرا، امیگریشن حکام اور ایف بھی آر کے نمائندوں کو شامل کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اس گھناؤنے کام میں ملوث افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے اور اُن کی گرفتاری کے لیے نیم فوجی دستوں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد لینے کی ہدایت جاری کی تھی۔

واضح رہے بابر نواز 2015 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ سے خیبرپختونخواہ کے حلقے این اے 19 ہری پور سے منتخب ہوکر اسمبلی رکن بنے ہیں۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں