اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار کی زیرصدارت ن لیگ کے مرکزی رہنماوٴں کا مشاورتی اجلاس وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد میں ہوا۔
اجلاس میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف،وفاقی وزراپرویز رشید،عبدالقادر بلوچ، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، زاہد حامد نے شرکت کی۔ ن لیگ کے سینئر رہنما مشاہد اللہ خان ، وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز اور اٹارنی جنرل نے بھی اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں وزیراعظم اور ان کے خاندان پر لگائے جانے والے تمام الزامات کا ہر محاذ پر جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
شرکا کا کہنا تھا ن لیگ نے اس سے پہلے بھی ایسی تمام سازشوں اور سازشی عناصر کا مقابلہ کیا، اجلاس کے شرکا نے پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش پر افسوس کا اظہار کیا، ذاتی خواہشات کے لیے بے بنیاد الزامات عائد کیے جارہے ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سیاسی قوتوں کو اس مذموم ایجنڈے کے اثرات سے آگاہ کیا جائے گا، اس موقع پر اسحاق ڈار نے شرکا کو وزیراعظم کی دی جانے والی ہدایات پہنچائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سازشیوں کو اہمیت نہ دی جائے،سازشوں پر وقت ضائع کرنے کے بجائے تمام توجہ جاری منصوبوں کو مکمل کرنے پردی جائے۔