لندن : سابق وزیراعظم نوازشریف کے قریبی ساتھی اور مسلم لیگ ن کے رہنما ناصر بٹ کو لندن پولیس نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر سے گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہرپاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف احتجاج کیا۔
تحریک انصاف کے کارکنوں کا احتجاج ابھی جاری ہی تھا کہ اسی دوران مسلم لیگ ن برطانیہ کے نائب صدر ناصربٹ کی قیادت میں ن لیگی کارکنوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اوران سے موبائل فون چھین لیے۔
واقعے کے فوراََ بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور نوازشریف کے قریبی ساتھی ناصر بٹ کو پی ٹی آئی کے کارکنان سے جھگڑنے کے جرم میں گرفتار کرکے چیئرنگ کراس پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔
لندن پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنوں پرتشدد کرنے میں ملوث ایک اور ن لیگی رہنما کو حراست میں لیا گیا اور بعدازں اسے وارننگ دے کر چھوڑدیا گیا۔
نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو قید کی سزا اورجرمانہ
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال قید کی سائی تھی۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پر80 لاکھ پاؤنڈز جبکہ مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈز کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے بھی نااہل قرار دیا گیا تھا۔