کراچی : پولیس نے ٹیلی فون پر لڑکی کی آواز میں بات کر کےلوگوں کو ملاقات کے بہانے بلا کر لُوٹنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے موبائل فون پر لڑکی کی آواز میں بات کرکے لوگوں کو لُوٹنے والے ملزم تیمور کو حراست میں لے کر مقامی تھانے منتقل کردیا ہے جہاں ملزم سے تفتیشی عمل جاری ہے۔
دورانِ تفتیش ملزم تیمور نے کئی لوگوں کو لڑکی بن کے گفتگو کرنے اور پھر ملنے کے بہانے لوٹ مار کر نے کا اعتراف کر تے ہوئے بتایا کہ وہ موبائل فون پر لڑکی بن کربات کیا کرتا تھا اور جب کوئی اسے ملاقات کے بہانے گھر بلاتا تو ساتھیوں کی مدد سے اُسے لوٹ لیتا تھا۔
ملزم تیمور نے دورانِ تفتیش ایک شخص کے قتل کا بھی انکشاف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ لڑکی بن کر ایک شخص مہتاب کو اپنے جال میں پھنسایا اور پھر دورانِ واردات مزاحمت کرنے پر اسے قتل کردیا۔
ملزم نے بتایا کہ ڈکیتی کی آخری واردات میں 45 ہزار ملے جس میں سے 25 ہزار روپے میں نے رکھ لیے اور بقیہ میرے ساتھیوں نے آپس میں تقسیم کر لیے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مقامی شخص کی شکایت پر ملزم کی باقاعدہ ریکی کر کے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے جس نے ہوشربا انکشافات کیے ہیں اور اپنے ساتھیوں کے نام بھی اگل دیے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔