دیپالپور میں پولیس کی سرکاری گاڑی پر بیٹھ کر ٹک ٹاک بنانے والی نوجوان لڑکی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کا جنون دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے نوجوانوں میں بھی بہت زیادہ بڑھ گیا ہے، ٹک ٹاک کی بدولت کئی نوجوان لڑکے لڑکیا شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے تو کچھ بدنصیب ویڈیو بناتے ہوئے حادثات کا شکار ہوگئے۔
ایسا ہی ایک اور واقعہ صوبہ پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کے شہر دیپالپور کے علاقے شیر گڑھ میں پیش آیا جہاں پولیس موبائل پر بیٹھ کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والی لڑکی مشکل میں پھنس گئی ہے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور ڈی پی او اوکاڑہ نے نوٹس لیکر لڑکی کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔
ڈی پی او کے احکامات پر کارروائی کرتے ہوئے شیرگڑھ پولیس نے لڑکی کو گرفتار کرلیا۔
گزشتہ برس پشاور میں خواجہ سرا کی پولیس موبائل میں بنائی جانے والی ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔