کراچی: شارع فیصل پر ٹریفک جام ہونے کے سبب پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واؤڈا کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا،پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ بھی کی، سڑک کی بندش کے سبب شارع فیصل پر گزشتہ پانچ گھںٹوں سے ٹریفک جام ہے اور لاکھوں افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کراچی کے رپورٹر عاجز جمالی کے مطابق مظاہرہ کرنے والی تنظیم تحریک نوجوانان کے کارکنوں کو بھی گرفتار کیا جارہا ہے، مظاہرے کے سبب بدترین ٹریفک جام ہے اور لوگ گزشتہ پانچ گھںٹوں سے پھنسے ہوئے ہیں، ساتھ ہی لنک روڈ بھی جام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نےمذاکرات کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کرنے کی بہت کوشش کی تاہم مظاہرین راضی نہ ہوئے اور بدستور سڑک بند کیے رکھی جس پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی اور پکڑ دھکڑ شروع کردی۔
عاجز جمالی کے مطابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار نے خود آکر فیصل وائوڈا کو گرفتار کیا، ساتھ ہی متعدد مظاہرین کو بھی حراست میں لیا گیا اس دوران اسٹار گیٹ کی سڑک میدان جنگ بن گئی۔
فیصل وائوڈا کا پولیس سے کہنا تھا کہ شارع فیصل پر ہونے والے ٹریفک جام کے ذمہ دار وہ نہیں وہ کرپشن کے خلاف ریلی نکال رہے ہیں۔
ڈی ایس پی افتخار چوہدری نے بتایا کہ انہیں ایئرپورٹ تھانے منتقل کردیا گیا ہےاور مقدمہ درج کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہسول سوسائٹی تحریک نوجوانان کی ریلی کی قیادت فیصل وائوڈ کررہے تھے، ریلی کے سبب شہر کی سب سے اہم شاہراہ شارع فیصل گزشتہ پانچ گھنٹوں سے بند تھی جس کے سبب کراچی بھر میں بدترین ٹریفک جام ہے۔
Karachi: Heavy traffic from Shahra-e-Faisal to… by arynews
پولیس کی اس وقت بھرپور کوشش ہے کہ ٹریفک کی روانی کو فوری طور پر بحال کردیا جائےجس کےلیے ٹریفک پولیس کے افسران بھی سڑکوں پر آگئے ہیں۔
آخری اطلاعات آنے تک پولیس نے ٹریفک کی روانی کو بحال کرانے کے اقدامات شروع کردیے۔
فیصل وائوڈا پر بغیر اجازت جلسہ اور لائوڈ اسیپکر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
اے آر وائی نیوز کے رپورٹر سلمان لودھی کے مطابق فیصل وائوڈا کے خلاف ایئرپورٹ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایف آئی آر میں متعدد افراد کے نام شامل کیے گیے ہیں جن میں فیصل وائوڈا بھی شامل ہے۔
رپورٹر کے مطابق ان پر ٹریفک جام کے ذریعے لوگوں کو اذیت پہنچانے کے بعد بغیر اجازت جلسہ کرنے اور لائوڈ اسپیکر ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
متعدد پروازیں تاخیر کا شکار، ایک ہزار مسافر ایئرپورٹ نہ پہنچ سکے
رپورٹر صلاح الدین کے مطابق متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، ایک ہزار سے زائد لوگ ایئرپورٹ نہ پہنچ سکے اور ان کی فلائٹس چھوٹ گئیں،پی کے 306 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی تاہم متعدد ملکی و غیر ملکی پروازوں کی جانب سے وقت میں اضافہ نہیں کیا گیا جس کے سبب مسافروں کی فلائٹس چھوٹ گئیں۔