کراچی: سی ڈی ٹی نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم حزب التحریر کراچی کے سربراہ کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزم سہام قمر کے الیکٹرک میں ڈپٹی جنرل منیجر ہے.
ایس ایس پی سی ٹی ڈی عثمان باجوہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزم سہام قمر کراچی میں کالعدم تنظیم حزب التحریر کو فعال کرنے میں مصروف تھا جبکہ کے الیکٹرک میں ڈپٹی جنرل منیجرکے عہدے پر فائز ہے .
انھوں نے بتایا ملزم پوش علاقوں میں بااثر افرادکیساتھ تعلقات بنا کر اپنی تنظیم کے ایجنڈے کو فروغ دیتا تھا جبکہ اہم تعلیمی اداروں میں شامل افراد کا برین واش بھی کرتا تھا اور گرفتار ہونیوالے کالعدم تنظیم کے کارندوں کی رہائی یا ضمانت کیلئے بھی انتظامات کرتا تھا۔
اس سے قبل اکتوبر میں پولیس نے کالعدم حزب التحریر کے رکن محمد اویس کو گرفتار کرنے کیا تھا، پولیس کے مطابق ملزم نے این ای ڈی یونیورسٹی سے انجینیئرنگ اور آئی بی اے سے ایم بی اے کیا تھا۔