کراچی: شہر قائد کی پولیس کے بلند و بانگ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، 2019 میں متعارف کروائی جانے والی پولیس ہیلپ ایپ غیر فعال ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق عوام کو شکایات کے اندراج کے لیے فراہم کی جانے والی کراچی پولیس ہیلپ ایپ ایک سال ہی میں غیر فعال ہو گئی ہے، ایپ گوگل پلے اسٹور سے بھی غائب ہوگئی۔
’پولیس فار یو‘ کے نام سے یہ ایپ دو ہزار انیسں میں اس وقت کے ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے متعارف کروائی تھی، کلفٹن سلیم واحدی ہال میں اس ایپلی کیشن کا افتتاح امیر شیخ نے کیا تھا۔
ایپ کا مقصد کسی بھی واردات کا فوری اندارج تھا، ایپلی کیشن نہ چلنے کی صورت میں شکایت درج کروانے کے لیے واٹس ایپ نمبر بھی دیا گیا تھا، تاہم ایپ کے ساتھ ساتھ یہ نمبر بھی فعال نہیں رہا ہے۔
بتایا گیا تھا کہ اس ایپ کی مدد سے کراچی میں دنیا بھر کے قونصل خانے بھی چند منٹ میں پولیس سے مدد حاصل کر سکیں گے، اور شہر ی بھی گھر بیٹھے چند سیکنڈ میں کسی بھی قسم کی واردات کی ابتدائی رپورٹ درج کرا سکیں گے۔
اس موبائل فون ایپ کو کراچی کے شہریوں کے لیے نئے سال کا تحفہ بھی قرار دیا گیا تھا۔