امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پولیس نے مجرمانہ غفلت کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے مرگی کا دورہ پڑنے پر 16 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا اور زبردستی پولیس اسٹیشن لے جانے کی کوشش کی۔
کیلی فورنیا کی رہائشی ایک خاتون کا دعویٰ ہے کہ ان کے 16 سالہ آٹزم کا شکار بیٹے کو مرگی کا دورہ پڑا تاہم پولیس نے اس کی مدد کرنے کے بجائے اسے مارا اور ہتھکڑیاں لگا دیں۔
مذکورہ خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کے بیٹے کو آٹزم اور مرگی ہے، ان کا خاندان ایک ریسٹورنٹ میں لنچ کرنے کے لیے موجود تھا جہاں باتھ روم میں ان کے بیٹے کو مرگی کا دورہ پڑا۔
خاندان کے دیگر افراد نے باتھ روم کا دروازہ کھولنا چاہا لیکن جب وہ اس میں ناکام رہے تو انہوں نے 911 کو کال کی، گو کہ انہوں نے طبی امداد مانگی تھی لیکن اس کی جگہ 8 لحیم شحیم پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔
لڑکے کی بہن کے مطابق ان پولیس والوں نے آتے ہی لڑکے کو مارا، اہلخانہ نے انہیں لڑکے کی طبیعت کے بارے میں بتانے کی کوشش کی لیکن پولیس والے ان سنی کر گئے۔ ان کے خیال میں لڑکا نشے میں دھت ہو کر ایسی حرکتیں کر رہا تھا۔
سامنے آنے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہلکار لڑکے کو پکڑ کر پولیس کار میں ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ پیچھے سے اس کی ماں چلا رہی ہے کہ وہ بیمار ہے اور اسے اسپتال لے جاؤ۔
ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکا پولیس کی گاڑی کے قریب گھٹنوں کے بل بیٹھا ہوا ہے اور اپنی بہن سے کہہ رہا ہے کہ ہتھکڑیاں اسے تکلیف دے رہی ہیں اور انہیں کھولا جائے۔
واقعے کے بعد محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس پورے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں اور کوتاہی کے ذمہ دار افراد کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔