منگل, اگست 11, 2026
اشتہار

پولیس مددگار 15 ملاپ یونٹ نے 2 کمسن بچیاں بازیاب کر کے اہل خانہ کے حوالے کر دیں

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (21 جولائی 2026): پولیس مددگار 15 ملاپ یونٹ نے اورنگی ٹاؤن سے لاپتا ہونے والی دو کمسن بچیوں کو بازیاب کروا کر ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا۔

ترجمان مددگار 15 کے مطابق 16 جولائی 2026 کو اورنگی ٹاؤن سے 2 کمسن بچیاں، شہناز اور صدف، گھر سے سامان لینے نکلیں لیکن واپس نہ آئیں، جس کے بعد اہلِ خانہ نے ان کی گمشدگی کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی مددگار 15 کے ملاپ یونٹ نے دونوں بچیوں کے گمشدگی اشتہارات جاری کیے اور مختلف پولیس یونٹس کو آگاہ کر دیا۔

18 جولائی کو مختلف تھانوں سے موصول ہونے والی تصاویر کی مدد سے دونوں بچیوں کی شناخت ممکن ہوئی۔ شہناز کی شناخت کلاکوٹ پولیس جب کہ صدف کی شناخت عزیز آباد پولیس کے تعاون سے ہوئی، جس کے بعد ملاپ یونٹ نے فوری تصدیق اور قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے دونوں بچیوں کو بہ حفاظت ان کے ورثا کے حوالے کر دیا۔

ترجمان کے مطابق مددگار 15 ملاپ یونٹ کی بروقت کارروائی کے باعث دو خاندانوں میں خوشیاں واپس لوٹ آئیں۔ بچیوں کی والدہ نے بتایا کہ دونوں بچیاں صبح تقریباً 9 بجے گھر سے چیز لینے نکلی تھیں اور اچانک لاپتا ہو گئیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک بچی ان کی اپنی بیٹی جب کہ دوسری ان کے بھائی کی بیٹی ہے۔

والدہ نے مددگار 15، کلاکوٹ اور عزیز آباد پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کوششوں سے دونوں بچیاں محفوظ واپس مل گئیں۔ دوسری جانب ایک شہری نے بتایا کہ وہ مغرب کی نماز ادا کرنے جا رہے تھے کہ انھوں نے ایک بچی کو بھیک مانگنے والی خواتین کے ساتھ دیکھا۔

شہری نے بتایا کہ شک ہونے پر انھوں نے بچی کو ان کے قبضے سے لے کر اپنے گھر منتقل کیا۔ شہری کا کہنا تھا کہ ان کے اپنے بھی پانچ بچے ہیں، اسی لیے انھوں نے بچی کی حفاظت کو ترجیح دی، جس کے بعد پولیس سے رابطہ کیا گیا اور بچی کو بحفاظت اس کے اہلِ خانہ تک پہنچا دیا گیا۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

مزید خبریں