کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے صحافی کے قاتل سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں پولیس مقابلہ ہوا، جبکہ ایک نجی چینل کے صحافی کا قتل کینٹ اسٹیشن سے گرفتار ہوا، علاوہ ازیں دیگر علاقوں سے 7 ملزمان گرفتار ہوئے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کے اہکاروں نے ہری پور پولیس کے ہمراہ کینٹ اسٹیشن پر کارروائی کی، اس دوران نجی چینل کے صحافی کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار ہوا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم علی شیر نے صحافی محمد سہیل کو ہری پور میں قتل کیا تھا، ملزم ہری پور سے فرار ہوکر کراچی آیا تھا، ملزم کا بھائی ہمایوں اقبال چمن بارڈر سے گرفتار ہوچکا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے گلشن حدید میں پولیس مقابلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، گرفتار ملزم سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔
علاوہ ازیں سعود آباد، جوہر آباد اور بوٹ بیسن پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث 6 ملزمان گرفتار کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے اسلحہ، چھینی ہوئی موٹر سائیکل اور منشیات برآمد ہوئی ہے۔ جبکہ سعود آباد سے پولیس مقابلے کے مقدمے میں مفرور ملزم بھی گرفتار ہوا ہے۔