سیالکوٹ: سابق معاون خصوصی وزیر اعظم فردوس عاشق اعوان کے گھر پولیس کی نفری نے چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے پولیس چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈرتی ہے امپورٹڈ حکومت ایک نہتی خاتون رہنما سے، گلوبٹ پولیس نے بلا وارنٹ گھر پر رات کو دو بار دھاوا بولا۔
انہوں نے کہا کہ اہلخانہ اور ملازمین کو ہراساں اور زدوکوب کیا گیا، حکومت کے غیر قانونی ہتھکنڈوں کی بھرپور مذمت کرتی ہوں۔
دوسری جانب پنجاب میں پی ٹی آئی کے خلاف جاری پولیس کریک ڈاؤن کے دوران فائرنگ سے کانسٹیبل کمال جاں بحق ہوگیا جس کے الزام میں باپ اور بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے رات گئے سیڑھیاں لگا کر پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے گھر میں کودے جہاں پی ٹی آئی کا اجلاس جاری تھا۔ اس موقع پر اہلکاروں نے یاسمین راشد کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ زمین پر بیٹھ گئیں۔
اہلکاروں نے یاسمین راشد سے موبائل فون چھیننے کی کوشش بھی کی بعد ازاں پولیس نے حماد اظہر کی رہائشگاہ کے باہر جمع ہونے والے دس پی ٹی کارکنان کو گرفتار کرلیا تھا۔