ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ اور دبنگ گرل سونا کشی سنہا کے خلاف جلعسازی کا مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے اُن کے گھر چھاپہ مار دیا۔
تفصیلات کے مطابق سونا کشی سنہا آجکل اپنی دو نئی فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، اسی دوران اُن پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے کیونکہ اداکارہ کے خلاف دھوکا دہی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی ریاست اترپردیش میں شہری کی جانب سے دائر کیے جانے والے مقدمے میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اداکارہ نے دارالحکومت میں ہونے والے شو میں پرفارم کرنا تھا جس کے لیے انہیں 24 لاکھ روپے ایڈوانس ادائیگی کی گئی البتہ اب انہوں نے شرکت سے انکار کردیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوناکشی نے جو ایڈوانس کی رقم وصول کی اُس کا بھی انکار کردیا اور ابانہوں نے صارف انکار کیا کہ وہ نہ شو میں شرکت کریں گی اور نہ ہی رقم واپس کریں گی۔ پولیس نے درخواست وصول کر کے اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کیا اور اب اس کی باقاعدہ تفتیش بھی شروع کردی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی اور اترپردیش کی پولیس نے سوناکشی سنہا کے گھر پر چھاپہ مارا اور وہاں موجود ملازمین کے بیانات قلم بند کیے، تفتیشی افسران کئی گھنٹوں تک اداکارہ کا انتظار بھی کرتے رہے البتہ وہ نہ آئیں۔
پولیس حکام نے اداکارہ کے گھر دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سوناکشی سے تعاون کرنے کی درخواست کرتے ہیں وہ آکر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں وگرنہ قانون حرکت میں آئے گا۔
دوسری جانب اداکارہ کے مینیجر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ سوناکشی کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا کیونکہ 9 سال کے کیریئر میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ انہوں نے پرفارمنس کا وعدہ کیا اور اُسے پورا نہیں کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ سوناکشی کے خلاف دھوکا دہی کا مقدمہ درج ہوا ہو، اس سے قبل رواں برس فروری میں اداکارہ کے خلاف اترپردیش کے ضلع مراد آباد میں بھی دھوکا دہی کا مقدمہ درج کیا گیا جس میں پانچ افراد نامزد تھے۔