کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی کے اندر تھانہ قائم کردیا گیا، تھانے کی منتقلی کیخلاف اساتذہ اور طلبہ میں تشویش پائی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایک بڑے تعلیمی ادارے، وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون سائنس و ٹیکنالوجی کے گلشنِ اقبال (سائنس) کیمپس کی حدود میں عزیز بھٹی تھانے کے قیام اور انویسٹی گیشن سیل کی منتقلی نے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ عزیز بھٹی تھانے کو موجودہ جگہ سے اردو یونیورسٹی کے بی ایس سی بلاک کے پیچھے منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور تھانے کا انویسٹی گیشن ونگ وہاں منتقل بھی ہو چکا ہے، اس اقدام پر اساتذہ اور طلبہ نے گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج شروع کر دیا ہے۔
مظاہرین اور اساتذہ برادری کا کہنا ہے کہ جامعہ ایک ایسی حساس جگہ ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں طالبات اور خواتین اساتذہ روزانہ آتی ہیں، اور طلبہ یہاں پرسکون ماحول میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے حاضر ہوتے ہیں۔ یونیورسٹی کے تعلیمی اور امتحانی بلاکس کے بالکل قریب ملزمان کی آمدورفت، پولیس موبائلز کے گشت اور سائلین کے تانتنے سے ادارے کا پرامن ماحول شدید متاثر ہو رہا ہے اور طالبات میں خوف کی فضا قائم ہو گئی ہے۔
احتجاجی طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ تھانے کو دی گئی جگہ فوری طور پر واپس لی جائے، بصورتِ دیگر وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے اور سخت مزاحمت کی جائے گی۔
معاملہ سامنے آنے پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے ترجمان محمد فہیم ناز نے جامعہ کا باضابطہ وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عارضی انتظام سے یونیورسٹی کا تعلیمی ماحول متاثر نہیں ہوگا۔
انتظامیہ نے مطالبہ کیا عزیز بھٹی پولیس اسٹیشن کی عمارت میں اس وقت اپ گریڈیشن، تعمیراتی اور تزئین و آرائش کا کام جاری ہے پولیس انتظامیہ کی درخواست پر صرف 6 ماہ کی محدود مدت کے لیے تھانے کو یونیورسٹی کے ایک مخصوص حصے میں عارضی جگہ دی گئی ہے تاکہ دفتری امور متاثر نہ ہوں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ عارضی پولیس اسٹیشن کے لیے آمدورفت اور داخلے کا راستہ مکمل طور پر علیحدہ رکھا گیا ہے، جس کا جامعہ کے تدریسی، تحقیقی اور انتظامی بلاکس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
جامعہ انتظامیہ کے مطابق طلبہ، اساتذہ اور ملازمین کے معمولاتِ کار، کلاسز اور امتحانات حسبِ معمول جاری رہیں گے اور اس عارضی انتظام سے یونیورسٹی کی خود مختاری یا سیکیورٹی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
جامعہ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کیمپس کے نظم و ضبط، تعلیمی ماحول اور طلبہ و اساتذہ کی سہولت اور سیکیورٹی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


