منگل, فروری 11, 2025
اشتہار

پولیس نے بچوں کو پھر سوتیلی ماں کے حوالے کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ڈی آئی جی ویسٹ نے سوتیلی ماں کے ساتھ رہنے پر رضامندی ظاہر کرنے کے بعد بچوں کو سوتیلی ماں کے حوالے کردیا، ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ بچوں کو ماں کے حوالے کیا لیکن روزانہ چیک بھی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلبرگ میں سوتیلی ماں کا معصوم بچوں کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک روا رکھنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، جس پر ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے بچوں کو سوتیلی ماں کی قید سے آزاد کرایا تھا تاہم اب دوبارہ انہیں سوتیلی ماں کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں نے سوتیلی ماں کے ساتھ جانے کی رضا مندی ظاہر کی اور بچوں کی 13 سال بہن نے بھی سوتیلی ماں کیساتھ رہنے کی حامی بھری ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائم خانی کا کہنا ہے کہ علاقہ پولیس فالواپ لیتی رہے گی، بچوں کو ماں کے حوالے کیا لیکن روزانہ چیک بھی کریں گے اور ایک ہفتے بعد والدہ کو بچوں سمیت ایس ایس پی کے روبرو پیش ہونا ہوگا۔

والدہ نے پولیس کو بیان دیا کہ بچے گھر سے بھاگ جاتے ہیں اور فیضان علاقے کی دکانوں سے چیزیں بھی چراتا تھا اس لیے باندھ کے رکھا ہوا تھا۔

سوتیلی ماں کا کہنا تھا کہ گھروں میں کام کرتی ہوں اور بچوں کی بہن بھی ساتھ جاتی ہے، بچے گھر پر اکیلے ہوتے ہیں اسی لیے باندھ کے رکھتی تھی۔

یہ پڑھیں: سوتیلی ماں کا معصوم بچوں پر ظلم، 5 ماہ سے زنجیروں میں بھوکا پیاسا باندھے رکھا

واضح رہے کہ سوتیلی ماں نے معصوم بچوں کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک روا رکھا، بچوں کو برہنہ حالت میں کئی ماہ سے زنجیروں میں باندھ رکھا تھا۔

بچوں کی عمر 4 سے 10 سال کے درمیان ہے، انھیں کئی کئی روز تک کھانا بھی نہیں دیا جا رہا تھا، جس سے ان کی جسمانی حالت افریقا کے قحط زدہ بچوں جیسی ہو گئی تھی، والدین میں علیحدگی کے بعد باپ نے دوسری شادی کی تو سوتیلی ماں نے بچوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے، اپنی ماں نے بھی پلٹ کر نہیں پوچھا۔

صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کی وائس چیئر پرسن عالیہ برنی نے کہا ہم نے اے آر وائی نیوز کے ساتھ مل کربہت سے بچوں کو تحفظ فراہم کیا، اس واقعے پر کسی بھی ادارے کو بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں